چترال لوئر: شیشی کوہ میں موسلا دھار بارش کے بعد خوفناک سیلابی صورتحال، فصلوں، گھروں اور انفراسٹرکچر کو نقصان، رابطہ سڑکیں بند، آبپاشی و آبنوشی کی اسکمیں متاثر، پانی سپلائی معطل
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وادی شیشی کوہ چترال لوئیر میں اچانک ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد مختلف ندی نالوں میں شدید طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث متعدد گھروں، کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ کئی مقامات پر سیلابی پانی آبادیوں اور زرعی زمینوں میں داخل ہوگیا۔ شدید بارشوں کے باعث آبپاشی اور آبنوشی کی مختلف اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شیشی کوہ سے دروش جانے والی واٹر سپلائی اسکیم کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث پانی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔ اسی طرح سیلابی پانی قبرستان تک پہنچ گیا، جبکہ مختلف رابطہ سڑکیں ملبے سے بھر جانے کے باعث آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ، زرائع کے مطابق دن کے وقت سیلاب آنے کے باعث لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق لاوی پراجیکٹ کا سامان، کنٹینرز اور دیگر قیمتی اشیا بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔
علاقے کے عوام نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری امدادی و بحالی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریلیف ٹیمیں بھیجنے کی اپیل کی ہے۔

