Chitral Times – سٹی پولیس اسٹیشن چترال میں سوشل میڈیا صارف صابر سلیم کے خلاف شکایت درج، اس شخص کا اسماعیلی کمیونٹی سے کوئی تعلق نہیں، اسماعیلی کونسل کی طرف سے مذمتی قرارد داد

سٹی پولیس اسٹیشن چترال میں سوشل میڈیا صارف صابر سلیم کے خلاف شکایت درج، اس شخص کا اسماعیلی کمیونٹی سے کوئی تعلق نہیں، اسماعیلی کونسل کی طرف سے مذمتی قرارد داد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر “سلیم صابر ” نامی پیج سے شائع ہونے والے دلخراش اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف سٹی پولیس اسٹیشن چترال میں باقاعدہ شکایت درج کر دی گئی ہے۔ مذکورہ مواد میں خود کو اسماعیلی ظاہر کرتے ہوئے ایسی پوسٹس کی گئیں جن سے مسلمانوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کی دل آزاری ہوئی۔
واقعے کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی پولیس اور انتظامیہ نے فوری نوٹس لیا۔ اس ضمن میں اسماعیلی ریجنل کونسل چترال کے پبلک سیفٹی اینڈ سکیورٹی آفیسر کی جانب سے، نمائندہ انور بیگ نے تھانہ سٹی چترال میں شکایت درج کروائی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسماعیلی کمیونٹی بطور مسلمان ختمِ نبوت پر کامل ایمان رکھتی ہے اور حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ذاتِ اقدس کے ساتھ ان کی عقیدت و احترام غیر متزلزل ہے۔ مذکورہ شخص کے بیانات سے نہ صرف اسماعیلی کمیونٹی بلکہ دیگر مسلمانوں کو بھی شدید اذیت پہنچی ہے، اور اس کا اسماعیلی کمیونٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کو مزید کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ متعلقہ شخص کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس نوعیت کے توہین آمیز یا اشتعال انگیز مواد کو ہرگز شیئر نہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے مواد کی تشہیر بھی جرم کے زمرے میں آتی ہے اور اس کے مرتکبین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔




