
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد انتظامیہ نے وزیراعظم شہبازشریف کی کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق شہر بھر کی دکانیں رات 8 بجے بند کرنا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت بعض ضروری شعبوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ فارمیسیز، لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز اور ہسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ اسی طرح پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن، دودھ کی دکانیں اور اسپورٹس جم بھی اپنے مقررہ اوقات کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔
دوسری جانب ہوٹل، تندور، کریانہ اسٹورز، بیکریاں، پھل اور سبزی فروشوں کو رات 10 بجے تک کاروبار بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ اقدام توانائی کی بچت اور معاشی سرگرمیوں میں نظم و ضبط لانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:نادرا کی نئی ویب سائٹ پر nGRIDS کا فیچر شہریوں کیلئے کتنا مفید ہے؟




