18 سے 23 مئی تک بارشیں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، الرٹ جاری – Daily Qudrat

18 سے 23 مئی تک بارشیں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، الرٹ جاری – Daily Qudrat


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 18 سے 23 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال وہی ہے جس کی پیشگوئی 3 سے 4 ماہ قبل اپریل تا جون موسمی جائزہ رپورٹ میں کی جا چکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 19 سے 22 مئی کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، قصور، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 19 سے 22 مئی کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار کے متاثرہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ تاہم بلوچستان کے دیگر اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جن میں چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل شامل ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور کوٹلی شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو شدید گرمی یا بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور تنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔



Leave a Reply