ہزہائی نس پرنس رحیم چترال اور گلگت کا دورہ مکمل کرکے اسلام آباد روانہ، چترال ائیر پورٹ پر گورنراور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ان کا استقبال کیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ہزہائی نس پرنس رحیم آغا خان چترال اور گلگت کا ایک ہفتے کا دورہ مکمل کرکے آج چترال سے اسلام آباد روانہ ہوئے ، چترال آئیرپورٹ پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گرم چشمہ سے چترال پہننچے پر ان کا استقبال کیا ، اور ائیر پورٹ میں مختصر ملاقات کے بعد ہزہائی نس اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئے ۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ سہیل افریدی نے خطے کی ترقی میں آغا خان فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
چترال ائیرپورٹ پر پرنس رحیم آغا خان کو گرم چشمہ کے دورے کے بعد رخصت کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی قیادت نے کہا کہ انہوں نے ہزہائی نس کے ساتھ خیبر پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز، قدرتی وسائل اور ہاسپیٹلٹی (سیاحت و مہمان نوازی) کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔چترال ائر پورٹ میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے ایسے شعبے موجود ہیں جہاں آغا خان فاؤنڈیشن حکومت کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پرنس رحیم آغا خان نے پشاور میں آغا خان یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ چترال میں آغا خان فانڈیشن کی طرف سے انجام دی گئی ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ پرنس رحیم آغا خان کی طرف سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ایک مربوط تعلق کار قائم کیا جائے گا جوکہ اس علاقے سے پسماندگی کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ ہزہائی نس کی استقبال کیلئے صوبائی حکام کے ساتھ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ، آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن ،سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین، ڈپٹی کمشنر چترال راو ہاشم عظیم ، معروف کاروباری شخصیت آنور آمان ، اسماعیلی ریجنل کونسل چترال لوئیر اور اپر کے صدور امتیاز عالم ،محمد ظفر، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، سابق صوبائی وزیرسلیم خان و دیگرعمادئین بھی موجود تھے۔






