بھارت کشمیری شناخت مٹانے میں ناکام، فیصل راٹھور کا سخت ردعمل

بھارت کشمیری شناخت مٹانے میں ناکام، فیصل راٹھور کا سخت ردعمل



مظفرآباد:
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آذربائیجان کی حکومت اور عوام ہر موقع پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے آئے ہیں، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جبکہ پاکستان نے کشمیری عوام کو بھارتی قبضے سے آزادی دلا کر خودمختاری فراہم کی اور ہر مشکل وقت میں بھرپور حمایت جاری رکھی۔

آذربائیجان ریپبلک براڈکاسٹر ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ تقریباً 80 برسوں سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کیلئے غیر آئینی اقدامات اور بدترین مظالم کا سہارا لیا، تاہم کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام چاہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب رہنے والے کشمیریوں کو بھی وہی امن، آزادی اور تحفظ حاصل ہو جو آزاد کشمیر میں میسر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کشمیری عوام کا تحفظ کر رہی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو یہ خطے میں بڑے خطرات کو جنم دے سکتا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان، ترکی اور چین پاکستان کے قریبی دوست ممالک ہیں اور پاکستانی عوام آذربائیجان کی کشمیر کاز سے حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی مضبوط علمبردار تھیں اور آذربائیجان کے جمہوری سفر کو ہمیشہ سراہتی رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






Leave a Reply