Big blow to Cockroach Janata Party in India, viral movement’s X account closed | Express News

Big blow to Cockroach Janata Party in India, viral movement’s X account closed | Express News


بھارت میں چیف جسٹس کے متنازع ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی طنزیہ تحریک ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کو بڑا دھچکا لگ گیا، پارٹی کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھارت میں بند یا محدود کردیا گیا ہے۔ 

پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے خود اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسا توقع تھی، کاکروچ جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ بھارت میں روک دیا گیا ہے‘‘۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی جب ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ نے انسٹاگرام پر غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی سے بھی زیادہ فالوورز حاصل کرلیے تھے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی جبکہ ایکس اکاؤنٹ پر بھی لاکھوں افراد موجود تھے۔

یہ طنزیہ سیاسی مہم بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت کے اُس بیان کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کو ’’کاکروچ‘‘ سے تشبیہ دی گئی۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے وضاحت دی کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، تاہم سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے نام سے ایک مزاحیہ مگر سیاسی رنگ اختیار کرنے والی تحریک شروع کردی۔

پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ بند کیے جانے کے ساتھ ساتھ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ نے بہت کم وقت میں بھارتی نوجوانوں خصوصاً بے روزگار طبقے میں غیرمعمولی پذیرائی حاصل کی اور یہ تحریک نوجوانوں کے غصے، معاشی دباؤ اور سیاسی بے چینی کی علامت بن کر ابھری۔





Leave a Reply