
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انجینئرنگ ونگ کے ملازمین کی جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کرتے ہوئے ورک فرام ہوم کی سہولت بھی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انجینئرنگ ونگ کے تمام افسران اور عملے کو اب جمعہ کے روز بھی دفاتر میں حاضر ہونا ہوگا۔ سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انجینئرنگ ونگ اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سگنلز، سڑکوں کی مرمت، بلڈنگ مینٹیننس اور اسٹورم واٹر ڈرینج سسٹم جیسے اہم امور کا ذمہ دار ہے، اس لیے روزمرہ آپریشنز کی مؤثر نگرانی کیلئے عملے کی حاضری ضروری قرار دی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے پیش نظر 6 مقامات پر سرکاری مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں جہاں شہریوں اور بیوپاریوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف اسسٹنٹ کمشنرز نے مویشی منڈیوں کا دورہ کر کے پارکنگ، صاف پانی، صفائی ستھرائی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ حکام نے منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کا بھی معائنہ کیا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے بیوپاریوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈی سی اسلام آباد نے واضح کیا کہ سرکاری منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر مویشیوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی،انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر عارضی منڈیاں قائم ہونے کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز سے جواب طلبی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری مویشی منڈیوں سے ہی قربانی کے جانور خریدیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں
