عازمین حج کیلئے سعودی حکومت کی اہم ہدایات جاری – Daily Qudrat

عازمین حج کیلئے سعودی حکومت کی اہم ہدایات جاری – Daily Qudrat


مکہ مکرمہ(قدرت روزنامہ)سعودی وزارتِ داخلہ نے حج 2026 کے دوران عازمین حج کی سہولت، حفاظت اور بہتر رہنمائی کے لیے خصوصی گائیڈ جاری کر دی۔
سعودی حکام کے مطابق ہدایات کا مقصد ضیوف الرحمٰن کو محفوظ، منظم اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ عازمین حج آسانی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔
سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری گائیڈ میں مسجد الحرام کے داخلی اور خارجی راستوں، طوافِ کعبہ، سعی کے مخصوص ٹریکس اور مختلف مقامات کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو آمد و رفت کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہدایت نامے کے مطابق ویل چیئر اور برقی چیئر استعمال کرنے والے عازمین کے لیے الگ راستے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سعی کی راہداری صرف سعی کرنے والے افراد کے لیے مخصوص ہے، اس لیے وہاں بیٹھنے یا راستہ روکنے سے گریز کیا جائے۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ رش کے اوقات میں ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط برقرار رکھنے سے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارتِ داخلہ نے حج ضوابط کی پابندی پر بھی زور دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہونا قانون شکنی تصور ہوگا۔
حکام کے مطابق حج پرمٹ کے بغیر مقدس مقامات میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ قوانین کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں، جبکہ عازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کریں۔



Leave a Reply