شہباز شریف چین دورہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کے فروغ اور امریکا ایران جنگ بندی کی حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بیجنگ میں گریٹ ہال آف دی پیپل میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے مثبت پیشرفت ہورہی ہے اور حالات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ “ہم دعاگو ہیں کہ خطے میں مکمل امن بحال ہو، کافی پیشرفت ہوچکی ہے اور معاملات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔”
شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ میں تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث دنیا ایک نازک صورتحال سے گزر رہی ہے جبکہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور سفارتی کوششوں میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ علاقائی عدم استحکام سے عالمی معیشت متاثر ہوئی، خصوصاً پاکستان جیسے ممالک پر اس کے اثرات زیادہ پڑے جو تیل اور توانائی درآمد کرتے ہیں۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا اور چین پاکستان کے ساتھ عملی تعاون مزید بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔
