کراچی: عیدالاضحیٰ سے قبل شہر بھر میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیاں انتظامیہ کیلئے دردِ سر بن گئیں، جس پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
کمشنر کراچی کے مطابق شہر میں مرکزی مویشی منڈی کے علاوہ صرف 21 باقاعدہ مویشی منڈیوں کو اجازت دی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی منڈیاں ٹریفک جام، صفائی کے مسائل اور شہری مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
اجلاس کے دوران مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ کھارادر کے غلام حسین قاسم روڈ پر قائم غیر قانونی مویشی منڈی کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈی سی سینٹرل کے مطابق ناظم آباد میں قائم تین غیر قانونی منڈیاں بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ضلع ایسٹ میں دو اور کورنگی میں قیوم آباد چورنگی کے قریب قائم ایک غیر قانونی مویشی منڈی کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیاں شہریوں کیلئے شدید ٹریفک مسائل پیدا کر رہی تھیں، خاص طور پر عیدالاضحیٰ قریب آنے کے باعث جانوروں کی خرید و فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہری حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ ٹریفک اور صفائی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
