غذر میں دھماکوں سے قبل مشکوک پیراگلائڈرز کی موجودگی کا دعویٰ

غذر میں دھماکوں سے قبل مشکوک پیراگلائڈرز کی موجودگی کا دعویٰ


گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں حالیہ غذر دھماکے کے بعد ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقامی افراد نے دھماکوں سے قبل مشکوک پیراگلائڈرز دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاقے کے رہائشیوں کے مطابق راوشن جھیل اور اطراف کے علاقوں میں چند غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئی تھیں جنہوں نے عوامی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق تین روز قبل بیڈیرو داس کے اوپر پھاٹاکو لاٹ کے مقام پر فضاء میں مشکوک پیراگلائڈرز دیکھے گئے تھے۔ اسی طرح دھماکوں سے ایک روز پہلے شکو گاہ جھیل کے اوپر سفید رنگ کی پیراشوٹ اور سرخ لباس پہنے چند افراد کو دوپہر کے وقت مسلسل فضائی چکر لگاتے دیکھا گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان مشکوک سرگرمیوں کے اگلے ہی روز زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوتی چلی گئی۔ لوگوں کے مطابق مذکورہ علاقے کے قریب چیلیل کے دو جھیلیں بھی موجود ہیں، جس کے باعث عوام میں مزید سوالات جنم لے رہے ہیں۔

غذر دھماکے کے بعد مقامی شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے۔

تاحال حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم علاقے میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔



Leave a Reply