گلگت (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف(Nawaz Sharif) نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مختلف حلقوں سے پارٹی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم میں تنظیمی کارکردگی، عوامی مقبولیت اور حلقہ جاتی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے کئی اہم حلقوں میں سینئر رہنماؤں اور مقامی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جاری فہرست کے مطابق اہم حلقوں سے نامزد امیدواروں میں شفیق الدین (GBA-1 گلگت-1)، حافظ حفیظ الرحمٰن (GBA-2 گلگت-2)، محمد اقبال (GBA-3 گلگت-3)، شہزادہ سلیم (GBA-6 ہنزہ)، محمد اکبر خان (GBA-7 سکردو-1)، امتیاز حیدر خان (GBA-8 سکردو-2)، اجمل حسین (GBA-9 سکردو-3)، سید محسن رضوی (GBA-10 کھرمنگ) اور محمد طاہر انہار شگری (GBA-12 شگر) شامل ہیں۔
اسی طرح استور، دیامر، غذر اور گانچھے کے حلقوں سے بھی امیدواروں کے نام فائنل کیے گئے ہیں، جن میں رانا محمد فاروق، انجینئر محمد انور، ملک کفایت الرحمٰن، ظفر محمد اور محمد ابراہیم ثنائی نمایاں ہیں۔
پاکستانی شہریوں کی ڈی پورٹیشن سے متعلق پروپیگنڈا مسترد
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں امیدواروں سے ان کی سیاسی وابستگی، کارکردگی اور عوامی حمایت سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ادھر مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابی مہم کو منظم انداز میں چلانے کے لیے حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے، جس کے تحت مرکزی و صوبائی قائدین جلد گلگت بلتستان کے دورے کریں گے اور مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بروقت ٹکٹوں کا اعلان خطے میں انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے گا اور آئندہ سیاسی مقابلے کو سخت بنا دے گا۔

