
مظفرآباد(اوصاف نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر قادیانی ووٹرز سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں اور خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ تاثر غلط ہے کہ قادیانی ووٹرز کو جان بوجھ کر عام انتخابی فہرستوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ علیحدہ ووٹر لسٹوں کے قیام کے لیے باقاعدہ قانون سازی ناگزیر ہے اور یہ اختیار صرف قانون ساز اسمبلی کے پاس موجود ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود سے نئی یا علیحدہ انتخابی فہرستیں نافذ کرنے کا مجاز نہیں، بلکہ اس حوالے سے قانون سازی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت عالیہ کے فیصلے اور قانون ساز اسمبلی کی قرارداد کی روشنی میں محکمہ قانون کو تین مرتبہ مراسلے ارسال کیے جا چکے ہیں تاکہ مطلوبہ قانون سازی مکمل کی جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تاحال اس حوالے سے قانون سازی عمل میں نہیں لائی گئی، تاہم جیسے ہی قانونی تقاضے پورے ہوں گے، علیحدہ ووٹر لسٹوں سے متعلق فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیر مصدقہ معلومات پر کان نہ دھریں اور درست معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
مزید پڑھیں:ملازمین کی کم از کم تنخواہ 40000 روپے ! اہم بل منظور ہوگیا



