آسان قرضوں سے گھرکاخواب حقیقت بننے کے قریب ،کنگڈم ویلی چکری اورکنگڈم گروپ کی جانب سے پروگرام کاخیرمقدم – Daily Ausaf

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے “اپنا گھر” پروگرام کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جسے ماہرین نے معیشت، روزگار اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
کنگڈم گروپ کے چیئرمین غلام حسین شاہد اور کنگڈم ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ نے اپنے مشترکہ بیان میں اس پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو آسان اقساط پر گھر فراہم کرنا ایک فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف عام شہری کو چھت فراہم کرے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی سہارا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے گھر یا فلیٹ کی خریداری کے لیے صرف 10 فیصد ادائیگی خود کرنا ہوگی جبکہ باقی 90 فیصد رقم قرض کی صورت میں فراہم کی جائے گی، جو ہاؤسنگ فنانسنگ کا ایک مؤثر اور قابلِ عمل ماڈل ہے۔
غلام حسین شاہد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو دوبارہ فعال اور پرکشش بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے کنسٹرکشن انڈسٹری میں تیزی آئے گی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ اس سے وابستہ درجنوں صنعتیں بھی متحرک ہوں گی۔
غلام مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے بڑی خوشخبری ہے اور اس سے اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا رخ کر سکتے ہیں، جس سے ملکی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو پاکستان میں سرمایہ کاری کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے، اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا سرمایہ ملک میں منتقل کرنے میں دلچسپی لیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کم شرح سود پر ہاؤسنگ قرض فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ پاکستان میں بھی ابتدائی دس سال کے لیے 5 فیصد فکسڈ مارک اپ ایک مثبت پیش رفت ہے، جو عوام کے لیے گھروں کی خریداری کو آسان بنائے گا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت کی یہ پالیسی اس شعبے کو مزید مضبوط کرے گی۔
کنگڈم ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مرتضیٰ نے کہا کہ یہ ایک جدید طرز کی رہائشی اسکیم ہے، جس میں کشادہ سڑکیں، گرین بیلٹس، جدید انفراسٹرکچر، معیاری سیوریج سسٹم اور بلا تعطل یوٹیلٹی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی میں پارکس، تعلیمی ادارے، مساجد، کمرشل ایریاز اور صحت کی سہولیات بھی شامل ہیں تاکہ رہائشیوں کو مکمل اور معیاری طرزِ زندگی میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی لوکیشن اسے دیگر ہاؤسنگ اسکیموں سے ممتاز بناتی ہے اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی یہ ایک محفوظ اور منافع بخش انتخاب تصور کیا جا رہا ہے، جہاں مستقبل میں پراپرٹی ویلیو میں اضافے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق “اپنا گھر” پروگرام نہ صرف ہاؤسنگ بحران کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ اس سے معیشت میں استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی بھی امید ہے۔



