سومتر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے تقریباً 50 اراکین اسمبلی اپنی پارٹی سے ناراض ہیں اور 20 اراکین پارلیمنٹ بی جے پی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔


i
مغربی بنگال اسمبلی انتخاب میں شکست کے بعد ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اب اپنے ہی اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کی ناراضگی کا سامنا کر رہی ہے۔ ایک دن قبل ہی وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری کی میٹنگ میں باراسات سے رکن پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار اور ٹی ایم سی کے 6 اراکین اسمبلی پہنچے تھے۔ اب بی جے پی کے سینئر لیڈر اور بانکوڑا سے رکن پارلیمنٹ سومتر خان نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔
سومتر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے تقریباً 50 اراکین اسمبلی اپنی پارٹی سے ناراض ہیں، اور 20 اراکین پارلیمنٹ بی جے پی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اراکین پارلیمنٹ و اراکین اسمبلی بی جے پی کے رابطے میں ہیں اور اعلیٰ قیادت سے منظوری ملتے ہی پارٹی بدلنے کو راضی ہیں۔ سومتر خان نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت اگر ایک بار کہہ دے تو ترنمول کانگریس نام کی کوئی پارٹی ہی نہیں بچے گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہر کوئی بی جے پی میں شمولیت کو تیار بیٹھا ہے۔
سومتر خان نے ترنمول لیڈر ابھشیک بنرجی پر بھی تلخ حملہ کیا۔ انھوں نے ابھشیک کو گنہگار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ گنہگاروں کو جیل جانا ہی پڑتا ہے۔ سومتر کا کہنا ہے کہ آج ان کے گھر کے سامنے بلڈوزر کھڑا ہے، انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ 2021 میں انھوں نے بی جے پی کارکنان کے گھر تڑوائے تھے۔ گنہگاروں کو فوراً سزا ملنی چاہیے، ان کو جہنم میں جانا چاہیے۔
بہرحال، سومتر خان کے ذریعہ ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ و اراکین اسمبلی سے متعلق کیے گئے دعویٰ کو ترنمول کانگریس نے خارج کر دیا ہے۔ ترنمول رکن پارلیمنٹ سوگت رائے کا کہنا ہے کہ ’’یہ پوری طرح سے غلط ہے۔ سومتر خان اور بی جے پی غلط باتیں پھیلا رہے ہیں۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہونے والا۔‘‘ حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں ترنمول کانگریس کے کئی اراکین پارلیمنٹ و اراکین اسمبلی نے کھل کر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

