World

بلوچستان میں پٹواری کی 300 آسامیوں کے لیے 47 ہزار امیدواروں کی درخواستیں – Daily Qudrat


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں بیروزگاری کی سنگین صورتحال نے اس وقت ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا جب بلوچستان پبلک سروس کمیشن (BPSC) میں پٹواری کی محض 300 نشستوں کے لیے 47 ہزار امیدواروں نے درخواستیں جمع کرا دیں۔ امیدواروں کی یہ غیر معمولی تعداد صوبے میں روزگار کے شدید بحران اور نوجوانوں کی معاشی حالتِ زار کی عکاسی کرتی ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق ان آسامیوں کے لیے ماسٹرز اور ایم فل ڈگری ہولڈرز نے بھی بڑی تعداد میں اپلائی کیا ہے، جس سے مقابلے کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔عوامی حلقوں میں اس امتحان کو امیدواروں کی تعداد کے لحاظ سے سی ایس ایس (CSS) سے بھی بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ملک کے سب سے بڑے امتحان میں اوسطا 12 ہزار امیدوار شریک ہوتے ہیں جبکہ یہاں ایک نچلے گریڈ کی نوکری کے لیے چار گنا زیادہ نوجوان قطار میں کھڑے ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبے میں نجی شعبے کی عدم موجودگی اور صنعتی زونز کی کمی نے نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں پر منحصر کر دیا ہے۔ سماجی تنظیموں اور طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میرٹ کی شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نجی سرمایہ کاری اور فنی تربیت کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ بیروزگاری کے اس بڑھتے ہوئے جن پر قابو پایا جا سکے۔



Related Articles

Leave a Reply

Back to top button