Chitral Times – چترال ۔ شندور روڈ پر ٹھیکہ دار کے واجبات ادا کیئے جاچکے ہیں، کام کی رفتار تیز کرنےکیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیںگے، چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رنجھا

چترال ۔ شندور روڈ پر ٹھیکہ دار کے واجبات ادا کیئے جاچکے ہیں، کام کی رفتار تیز کرنےکیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیںگے، چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رنجھا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال لوئر کے ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) اور وزیرِاعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم انسپیکشن کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رنجھا سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چترال میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً چترال بونی مستوج-شندور روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عبدالولی خان ایڈووکیٹ نے شندور روڈ پر کام کی سست رفتاری اور ناقص کام پر تشویش اور عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ ٹھیکیداروں کو واجب الادا تمام رقوم ادا کر دی گئی ہیں جبکہ حال ہی میں 60کروڑ روپے ریلیز ہوچکے ہیں اور آئندہ دو دنوں میں کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران-امریکہ تنازعے کے باعث بعض معاملات میں تاخیر ہوئی، جس کے اثرات سڑکوں کے تعمیراتی کاموں پر بھی مرتب ہوئے۔
ملاقات میں اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورۂ چترال کا بھی ذکر کیا گیا۔ چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن نے پرنس رحیم آغا خان کی پاکستان خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متوقع دورے سے قبل شندور روڈ، گرم چشمہ روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر درپیش رکاوٹوں کو حتی الامکان دور کیا جائے گا۔
دریں اثنا، کیلاش ویلی روڈ پر جاری تعمیراتی کام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ حکام کو پیش رفت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ساتھ بونی بوزند روڈ کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین نے یقین دہانی کی کہ وہ ہزہائی نس کے دورہ چترال سے پہلے یا بعد میں چترال کا دورہ کریں گے اور سڑکوں پر جاری کام کا خود جائزہ لیں گے۔
ملاقات میں شفیع شفا، فضل الرحمن، فہام بن ولی اور چترال کے دیگر عمائدین بھی شریک تھے۔




