سعودی وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی فورسز کی سالانہ تقریب کے دوران حج سیزن کے انتظامی اور زمینی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سکیورٹی اداروں کی تیاریوں، ہجوم کے نظم و نسق اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا کہ حجاج کی خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب نے گذشتہ برسوں کے تجربات اور مختلف ممکنہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اس سال کے منصوبے تیار کیے ہیں تاکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مقدس مقامات اور حجاج کے سفری راستوں پر سکیورٹی اور سہولت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
