lahore pak china different sectors contracts mous signed | Express News

lahore pak china different sectors contracts mous signed  | Express News



پاک-چین صنعتی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان متعدد ایم او یوز اور تجارتی معاہدے طے پا گئے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں کامیاب میچ میکنگ سیشنز کے بعد پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان متعدد ایم او یوز اور تجارتی معاہدے طے پائے جہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی موجودگی میں اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں چین کی 74 کمپنیوں کے 105 نمائندوں اور پاکستان کی 136 کمپنیوں کے 242 نمائندوں نے شرکت کی، گھریلو برقی آلات کے شعبے میں 15 ایم او یوز پر دستخط ہوئے، جس پر اس شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری 40 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، اسی طرح الیکٹریکل سیکٹر میں 10 اہم معاہدے طے پائے اور سب سے بڑا معاہدہ 60 ملین ڈالر مالیت کا طے ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ بیٹری اسٹوریج سیکٹر میں 27 معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے اور سب سے بڑی سرمایہ کاری 82 ملین ڈالر تک ریکارڈ ہوئی اور پاک-چین بز نس ٹو بزنس کانفرنس میں مزید 40 ایم او یوز پر مذاکرات جاری ہیں جس سے صنعتی تعاون کے نئے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہے، حکومت صنعتی ترقی و برآمدات کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے لیے ترقی و خوش حالی کا اہم ذریعہ ہے، پاک-چین کمپنیوں کے درمیان ان معاہدوں سے مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے ہیں، اس سے پاکستان اور چین کے صنعتی و تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

 



Leave a Reply