لوئر چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تھری ایم پی او کے تحت مزید گرفتاریاں، ملزمان ایک ماہ کیلئے سینٹرل جیل مردان منتقل
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کے تحت مزید ملزمان کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے تھری ایم پی او کے تحت احکامات جاری کیے ہیں، جس کے تحت گرفتار شدہ افراد کو نظر بند کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے افراد میں محمد شہزاد ولد شریف خان ساکن کاری، ناصراللہ ولد اسداللہ ساکن ریحانکوٹ، محمد یاسین ولد گل سید ساکن زرگراندہ چترال، رفیق احمد ولد آنیس الدین ساکن جنگ بازار، فاضل رحیم ولد محمد رحیم، سکنہ مخدہ شیشی کوہ دروش، محبوب الٰہی ولد محمد صادق ساکن بروز چترال، محمد سلیم شاہ ولد محمد رحیم شاہ، اور صفت خان ولد شریف خان ساکن آیوُن چترال شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بعض افراد کو سینٹرل جیل مردان میں ایک مہینے کیلئے نظر بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف کارروائی قانونی تقاضوں کے مطابق عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروش عناصر کی نشاندہی میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

