’وجئے تبھی حلف برداری کر پائیں گے جب…‘، تمل ناڈو کے گورنر نے ٹی وی کے چیف کے سامنے رکھ دی شرط!

کانگریس کی حمایت سے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرنے کے ایک دن بعد 7 مئی کو وجئے پھر گورنر راجندر وشوناتھ سے ملنے لوک بھون پہنچے، لیکن حلف برداری معاملہ پر کوئی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔


i
تمل ناڈو اسمبلی انتخاب کا نتیجہ سامنے آئے 3 دن گزر چکا ہے، لیکن نئی حکومت کی تشکیل کو لے کر تصویر صاف نہیں ہو پائی ہے۔ کانگریس کی حمایت سے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے ایک دن بعد 7 مئی کو ایک بار پھر وجئے گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر سے ملاقات کرنے لوک بھون پہنچے۔ انھوں نے 6 مئی کو کانگریس پارٹی کی حمایت والا خط گورنر کو سونپا تھا اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ حالانکہ گورنر نے اس معاملہ میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اب ذرائع کے حوالہ سے میڈیا رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ ٹی وی کے چیف وجئے اکثریت ثابت ہونے کے بعد ہی حلف لے سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے گورنر ریاست میں مستحکم حکومت چاہتے ہیں، اس لیے یہ یقین کر لینا چاہتے ہیں کہ تملگا ویتری کژگم (ٹی وی کے) کے پاس حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر موجود ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں آفیشیل طور پر کچھ بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے یہ ضرور مطلع کیا ہے کہ گورنر ابھی تک ٹی وی کے کی جانب سے جمع کردہ نمبر سے مطمئن نہیں ہیں۔ افسران کے حوالہ سے یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ گورنر اس معاملہ میں قانونی صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔
اس درمیان سی پی آئی نے وجئے کی حمایت میں آواز بلند کر دی ہے۔ وجئے کی حلف برداری پر سوال کھڑے کرتے ہوئے سی پی آئی نے کہا کہ ’’تمل ناڈو کی عوام نے بھلے ہی واضح اکثریت نہ دی ہو، لیکن ٹی وی کے 108 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی کی شکل میں ابھر کر سامنے آئی ہے۔ اسی بنیاد پر ٹی وی کے چیف نے گورنر سے مل کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ حلف برداری سے قبل ہی ٹی وی کے سے اکثریت ثابت کرنے کو کہنا قابل قبول نہیں ہے۔‘‘ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’گورنر کو ٹی وی کے کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لیے مناسب وقت دینا چاہیے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے کئی اہم فیصلے بھی موجود ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی وی کے پارٹی کے حامی بڑی تعداد میں اپنے لیڈر وجئے کو وزیر اعلیٰ بنتے دیکھنے کی امید لیے 7 مئی کو نہرو اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے۔ حلف برداری تقریب سے متعلق کوئی واضح جانکاری نہ ہونے کے سبب لوگ اسٹیڈیم تو پہنچ گئے، لیکن انھیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ گورنر کے ذریعہ ٹی وی کے سے اکثریت کے لیے ضروری 118 اراکین اسمبلی کی حمایت والا خط طلب کیے جانے کے بعد وجئے کی آج مجوزہ حلف برداری تقریب ملتوی ہو گئی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




