World

آزاد کشمیر انتخابات 2026: ووٹر فہرستوں کی خامیاں دور، شفاف الیکشن یقینی بنائیں گے، چیف الیکشن کمشنر – Pakistan News International – Latest Pakistani News in Urdu


مظفر آباد (پی آئی ڈی) 06 مئی 2026 — چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن 2026 کے انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدار انداز میں کرانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور تمام فیصلے قانون اور ضابطے کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں کے حوالے سے عوام کی جانب سے متعدد شکایات اور تحفظات موصول ہوئے، تاہم جاری کی گئی فہرستیں ابتدائی اور عارضی تھیں جن کا مقصد خامیوں کی نشاندہی اور بروقت اصلاح تھا۔

انہوں نے کہا کہ سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث بعض ووٹرز کے نام فہرستوں سے رہ گئے جبکہ کچھ دیگر خامیاں بھی سامنے آئیں۔ ایسے ووٹوں کی مجموعی تعداد تقریباً 27 ہزار تھی۔ نیلم، مظفرآباد، کوٹلی، منگ، کھڑی شریف، چکسواری، باغ اور دھیرکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کے مسائل رپورٹ ہوئے۔ صورتحال سامنے آتے ہی الیکشن کمیشن نے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی، ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس طلب کیا اور الیکشن کمشنرز کے ساتھ آن لائن میٹنگ بھی کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی درستگی کے لیے چیئرمین نادرا سے بھی تفصیلی ملاقات کی گئی اور نادرا کو معاہدے کے مطابق غلطیوں کی فوری اصلاح کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی روز تقریباً 27 ہزار غیر شناخت شدہ ووٹوں کی نشاندہی کر لی گئی جبکہ تکنیکی خرابی کی وجہ بھی معلوم ہو گئی۔ اس وقت بھی الیکشن کمیشن کی ٹیم نادرا آفس میں موجود ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اصلاحی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تین سے چار اضلاع کی ووٹر فہرستوں کی درستگی مکمل کر لی گئی جبکہ دیگر اضلاع میں بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ تمام خامیوں کو مرحلہ وار دور کیا جا رہا ہے اور ان شاء اللہ 2016 کی طرح درست اور مکمل ووٹر فہرستیں عوام کو فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ووٹرز کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کی تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی ہے اور مزید تین سے چار دن باقی ہیں۔ جن ووٹرز کے نام اب بھی درج نہیں ہو سکے وہ قانون کے مطابق براہ راست ریوائزنگ اتھارٹی کے پاس رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مہاجرین اور منگلا ڈیم سے متاثرہ افراد کے ووٹوں سے متعلق تحفظات بھی دور کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرپور میں ڈیم کی تعمیر کے باعث بے گھر ہونے والے افراد جہاں بھی مقیم ہیں انہیں وہاں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ ان شاء اللہ 16 یا 18 مئی تک ووٹر فہرستوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی، تاہم اگر ضرورت پڑی تو تاریخ میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ فعال کر دی گئی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمیشن کو روزانہ تقریباً 600 سے 700 شکایات واٹس ایپ، فون کالز اور تحریری درخواستوں کے ذریعے موصول ہو رہی ہیں جنہیں فوری طور پر نمٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔



Related Articles

Leave a Reply

Back to top button