World

MQM MPA submit resolution for recover pakistanies who stuck in somalia coast | Express News



صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کی بازیابی کیلیے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی معاذ محبوب نے بحری جہاز 21 اپریل کو آئل ٹینکر ہونور 25 پر سوار 11 پاکستانی عملے کی بازیابی کیلیے قرارداد سندھ اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں جمع کروادی۔

معاذ محبوب نے معاملے پر فوری اقدامات کے لیے سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا اور قرارداد میں لکھا کہ صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں 11 پاکستانی یرغمال ہیں جنہیں آج 16 دن گزر گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان گیارہ پاکستانیوں میں سے 6 کا تعلق سندھ سے ہے جن کے اہل خانہ سے ملاقات کیں تو اُن کی اولادیں، والدین اور ازدواج واپسی کی فریادیں کررہی اور بحفاظت بازیابی کے مطالبات کررہی ہیں۔

معاذ محبوب نے کہا کہ قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال 11 پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں جبکہ انڈونیشیا نے قزاقوں کیساتھ مذاکرات کر کے اپنے شہری چھڑوا لیے۔

انہوں نے وفاقی حکومت، صدر مملکت سے پاکستانیوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بہت دیر ہوجائے یرغمال پاکستانیوں کو فوری بازیاب کرایا جائے۔

رکن سندھ اسمبلی نے صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے بازیابی کیلیے فوری سفارتی اقدامات شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اب تک حکومت کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل سماجی تنظیم انصار برنی ٹرسٹ کے سربراہ نے بتایا تھا کہ صومالی قزاقوں کے ساتھ براہ راست رابطہ ہوگیا ہے اور انہوں نے براہ راست حکومتی نمائندوں کے سامنے اپنے مطالبات پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ صومالی قزاقوں کی پیش کش کے باوجود حکومت کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا ہے۔



Related Articles

Leave a Reply

Back to top button