
صوبائی حکومت کا انوکھا احتجاج، صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان
,
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کے خلاف 6 مئی کو صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان کے مقبول ترین رہنما عمران خان کی حکومت ہونے کے باعث وفاق دانستہ طور پر صوبے کو نظر انداز کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس کی فراہمی سمیت اہم شعبوں میں صوبے کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، جس کے باعث صوبے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف آئینی تقاضوں کے منافی ہے بلکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ 6 مئی کو صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی، تاہم ایمرجنسی سروسز اس ہڑتال سے مستثنیٰ ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو درپیش حالات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر انسانی اور غیر قانونی اقدام ہے۔انہوں نے آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے وکلا سے اپیل کی کہ وہ اس قلم چھوڑ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ظلم، ناانصافی اور امتیازی سلوک پر مبنی اس نظام کا خاتمہ کیا جا سکے۔
۔
۔
وزیراعلیٰ کا ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس کی نماز جنازہ میں شرکت
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی چارسدہ پہنچے اور فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس کے نماز جنازہ کے موقع پر شریک رہے۔ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی جامع رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت نہایت افسوسناک ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں صوبائی حکومت اور پوری قوم متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہادت کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ ہوا۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا محمد ادریس جیسے جید عالم دین کا نقصان صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ نقصان ہے۔ ان کی دینی، علمی اور اصلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔




