

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق دفاعِ پاکستان کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو افواجِ پاکستان اور قوم کے اتحاد و استقامت کی لازوال علامت بن چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کا مقصد صرف دشمن کو شکست دینا نہیں تھا بلکہ دفاعی میدان میں اپنی برتری اور پیش قدمی کو یقینی بنانا بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ بہادر افواج اور باہمت اقوام متحد ہو کر اپنی سرزمین کا دفاع دلیری اور عزم کے ساتھ کرتی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ملک کے دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔




