ریجنل آفس وفاقی محتسب مظفرآباد کی مداخلت پر ریٹائر فوجی کی پنشن بحال – Pakistan News International – Latest Pakistani News in Urdu


مظفر آباد۔۔ ریجنل آفس وفاقی محتسب مظفرآباد کی مداخلت پر ریٹائر فوجی کی پنشن بحال کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حوالدار ریٹائر الف خان ساکنہ ہمروتہ کروٹیاں، تحصیل پلندری، ضلع سدھنوتی نے وفاقی محتسب میں شکایت درج کروائی تھی کہ گزشتہ اٹھارہ ماہ سے اس کی پنشن بند ہے۔ ریٹائر حوالدار کا کہنا تھا کہ وہ سال 1974 میں ریٹائر ہوا اس کے بعد پنشن حاصل کرتا رہا لیکن گزشتہ اٹھارہ ماہ سے اس کی پنشن بند ہے۔ وہ ایک عمر رسیدہ غریب آدمی ہے اس کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ لاہور کنٹرولر ملٹری اکاونٹس آفس کے چکر لگا ئے اور پنشن بحال کرائے۔ لھذاوفاقی محتسب کا ادارہ اس کی پنشن بحال کرائی جائے۔چنانچہ سردار جاوید ایوب ایڈوائزر وفاقی محتسب ریجنل آفس مظفرآباد نے کنٹرولر ملٹری اکاونٹس آفس لاہور کو نوٹس جاری کیا۔ نوٹس کی اجرائیگی کے بعد شاکی کی پنشن جس کے واجبات آٹھ لاکھ پچپن ہزار تین سو (855300) بنتے تھے کی فوری ادائیگی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس ضمن میں کنٹرولر ملٹری اکاونٹس نے تحریری جواب ہمراہ آٹھ لاکھ پچپن ہزار تین سو روپے کی ادائیگی کی رسید کے وفاقی محتسب ریجنل آفس مظفرآباد کو جمع کروائی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




