
پشاور زلمی کے فاتح کپتان اور پی ایس ایل 11 کے سب سے کامیاب بلے باز بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کے پاس فتح کا جشن منانے کا بھی وقت نہیں کیونکہ انہیں بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہونا ہے۔
پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے پہلی مرتبہ لیگ کا حصہ بننے والی حیدر آباد کنگز مین کو شکست دے کر طویل عرصے بعد ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پشاور زلمی نے اس سے قبل 2017 میں آخری مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی اٹھائی تھی جبکہ بابر اعظم کے لیے بھی یہ پہلا موقع تھا جب ان کی کپتان میں ٹیم فائنل جیتی ہے۔
مگر بابر اعظم اس بات سے کچھ مایوس ہیں کہ انہیں جیت کا جشن منانے کے لیے وقت کم ملا ہے، کیونکہ انہیں پیر کی صبح 9 بجے بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہونا ہے جہاں انہوں نے ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔
فائنل کے بعد جب بابر اعظم پریس کانفرنس کے لیے آئے تو ان سے سوال ہوا کہ کیا وہ ٹرافی کے ہمراہ پشاور کا بھی دورہ کریں گے؟
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تو اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ٹائم کم ہے، صبح نو بجے فلائٹ ہے۔ جشن کا بھی وقت نہیں ہے۔
’لیکن انشا اللہ پلان کر رہے ہیں کہ جب واپس آئیں تو اچھی طرح سے جشن منائیں۔‘
پشاور کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہاں سے کافی سپورٹ ملی۔ کوشش کریں گے، چیئرمین صاحب نے بھی بات کی تھی کہ ہم ٹرافی کو پشاور بھی لے کر جائیں گے تو ان سے بھی بات کریں گے۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’بیٹھ کر بات کریں گے کہ پشاور جائیں، ان لوگوں سے ملیں اور دکھائیں کہ ہم ٹرافی جیتے ہیں۔‘




