World

اسرائیل کا بڑا دفاعی فیصلہ، امریکا سے جدید لڑاکا طیارے خریدنے کی منظوری | Express News


اسرائیل نے امریکا سے جدید لڑاکا طیارے خریدنے کے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت لاک ہیڈ مارٹن اور بوئنگ سے F-35 اور F-15IA طیارے حاصل کیے جائیں گے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق اس معاہدے کی منظوری وزارتی کمیٹی برائے خریداری نے دی ہے، جو اسرائیلی فوج کو مضبوط بنانے کے لیے 350 ارب شیکل (تقریباً 119 ارب ڈالر) کے وسیع دفاعی منصوبے کا ابتدائی حصہ ہے۔

معاہدے کے تحت اسرائیل F-35 طیاروں کا چوتھا اسکواڈرن لاک ہیڈ مارٹن سے جبکہ F-15IA طیاروں کا دوسرا اسکواڈرن بوئنگ سے خریدے گا۔ حکام کے مطابق یہ نئے اسکواڈرن طویل المدتی فوجی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوں گے، جن کا مقصد علاقائی خطرات کا مقابلہ کرنا اور فضائی برتری کو برقرار رکھنا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اس توسیع شدہ دفاعی بجٹ کا بڑا حصہ ملک کے اندر اسلحہ سازی پر خرچ کیا جائے گا تاکہ بیرونی انحصار کم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اسرائیل مستقبل میں خود بھی جدید طیارے تیار کرنے کی صلاحیت بڑھانا چاہتا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے ڈائریکٹر جنرل امیر بارام کے مطابق فوری جنگی ضروریات کے ساتھ ساتھ آئندہ 10 سال اور اس سے آگے کے لیے فوجی برتری کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی، خصوصاً ایران کے ساتھ تنازع، نے جدید فضائی طاقت کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے مشرق وسطیٰ میں دفاعی توازن پر اثر پڑ سکتا ہے اور خطے میں اسلحے کی دوڑ میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔





Related Articles

Leave a Reply

Back to top button