
حب (قدرت روزنامہ) سابق رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ ہم ساکران کیڈٹ کالج کی فراہمی پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار محمد صالح بھوتانی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے حب میں ایک بہترین تعلیمی ادارے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے نوجوان اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دیگر اضلاع اور صوبوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
محمد اسلم بھوتانی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے باہمی مشاورت کے بعد ساکران کے نواحی علاقے میں ساکران کیڈٹ کالج کے قیام کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عملی اقدامات قابل تحسین ہیں، جبکہ کالج کے لیے منتخب کی گئی جگہ بھی انتہائی موزوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساکران کیڈٹ کالج کے قیام سے ضلع حب میں ایک نئے تعلیمی دور کا آغاز ہوگا اور حب، ساکران، گڈانی، وندر، دریجی اور لسبیلہ کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ انہیں اپنے علاقے میں بہترین تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔
محمد اسلم بھوتانی نے مزید کہا کہ ساکران کیڈٹ کالج کا قیام پورے خطے کے نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں اور اس منصوبے سے علاقے میں تعلیم کے فروغ میں نمایاں بہتری آئے گی۔
