اسلام آباد پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ، ڈکیت گینگز کے 2 ارکان زخمی، سرچ آپریشن جاری – Daily Ausaf

اسلام آباد پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ، ڈکیت گینگز کے 2 ارکان زخمی، سرچ آپریشن جاری – Daily Ausaf


اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سبزی منڈی اور تھانہ نون کے علاقوں میں ڈکیت گینگز کے ارکان کے ساتھ پولیس ریڈنگ ٹیموں کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران زیرحراست 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

تھانہ سبزی منڈی اور تھانہ نون کی پولیس ٹیمیں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر انہیں مزید ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے لے جا رہی تھیں کہ راستے میں چھپے ہوئے مسلح افراد نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش میں پولیس ٹیموں پر اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریڈنگ ٹیمیں بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہیں، تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے ملزمان میں سلیمان نامی افغان شہری بھی شامل ہے۔

زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے ساتھی ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں۔پنکی کی پیشی کے دوران چیخ و پکار، ملزمہ کی بات پوری سنی جائے گی: عدالت



Leave a Reply