ملک بھر کے عوام کیلئے مہنگائی کے دوران ایک ممکنہ ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات قیمت میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 5 روپے تک کمی پر غور کر رہی ہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق مجوزہ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 409 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 410 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ردوبدل اور مقامی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان آج رات متوقع ہے جبکہ ان پر عملدرآمد رات 12بجے سے کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو عوام کو ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں جزوی ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمت میں کمی سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ حد تک کمی آ سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب شہری مسلسل بڑھتے اخراجات سے پریشان ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی ممکنہ کمی کی خبروں پر امید کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچائے۔
