
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے بعد خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے جس کے تحت وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی آئندہ چند دنوں میں اپنے دورہ چین کے لیے روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس اہم دورے کے حوالے سے اپنے منتظر ہونے کا اظہار بھی کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور وہ آئندہ ماہ اپنے دورہ چین کے منتظر ہیں انہوں نے یہ بات چینی اعلیٰ سطح کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم سے 11 رکنی اعلیٰ سطح چینی کاروباری وفد نے آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی اور صدر چیان شیاوجون کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری ڈیجیٹل معیشت اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی معاشی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور یہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورہ چین کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے چینی کمپنی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آئی بی آئی گروپ کا پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈ کوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ انتہائی اہم پیشرفت ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ملک میں ٹیکنالوجی، صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
چینی وفد کے سربراہ چیان شیاوجون نے اس موقع پر کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت میں ڈیجیٹل اصلاحات کے لیے تعاون کا خواہاں ہے اور پاکستان میں ہیڈکوارٹر کا قیام دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
