
لاہور: مریم نواز شریف کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور رواں سال صوبے میں تقریباً 22 ملین میٹرک ٹن سے زائد گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔
اجلاس میں گندم کی مؤثر نگرانی اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے اے آئی بیسڈ ایڈوانس لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ نظام گندم کی طلب، رسد اور قیمتوں کی مانیٹرنگ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے گندم کے اسٹاکس کی روزانہ کی بنیاد پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ لائسنس یافتہ ایگریگیٹرز اور اسٹاکرز کو قانونی طور پر گندم رکھنے کی اجازت ہوگی۔
تمام اسٹاکرز کیلئے اسٹاک کی ڈیکلیریشن لازمی قرار دی گئی ہے اور دو ہفتوں میں اسٹاک ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف اینٹی ہورڈنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم کے ہر دانے کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی اور جدید طرزِ حکمرانی کے تحت محکمہ خوراک کی مکمل ری ویمپنگ کی جائے گی۔ انہوں نے روٹی اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں
