
عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے شہر میں 6 مویشی منڈیاں آج سے فعال کر دی گئی ہیں، جن میں ایک مستقل جبکہ 5 عارضی منڈیاں شامل ہیں۔
یہ منڈیاں پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے قائم کی گئی ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق 65 ایکڑ پر مشتمل سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی ایل ڈی اے سٹی میں قائم کی گئی ہے، جبکہ واہگہ سپورٹس کمپلیکس میں 50 ایکڑ رقبے پر منڈی فعال ہوگی۔
اسی طرح سگیاں اور رائیونڈ میں 25،25 ایکڑ رقبے پر عارضی مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، جبکہ برکی روڈ پر 20 ایکڑ رقبے پر عارضی سیل پوائنٹ بنایا جا رہا ہے۔
75 ایکڑ پر مشتمل شاہ پور کانجراں کی مستقل مویشی منڈی بھی حسب معمول فعال رہے گی۔
انتظامیہ کے مطابق تمام منڈیوں میں فوکل پرسنز اور انچارج تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ عارضی سیل پوائنٹس پر ٹینٹس، لائٹنگ اور پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی رہنمائی کیلئے آگاہی فلیکس بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی کے پیش نظر عارضی مویشی منڈیوں میں پیرا فورس اور پنجاب پولیس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ محکمہ صحت پنجاب، ریسکیو، لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے بھی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔
بیوپاریوں اور خریداروں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1233 اور واٹس ایپ نمبر بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ کے تینوں دن تک مذکورہ مقامات پر مویشی منڈیاں فعال رہیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں
