World

معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے تاریخ رقم کر دی، چوہدری محمد یٰسین – Pakistan News International – Latest Pakistani News in Urdu


مظفرآباد (پی آئی ڈی) 06 مئی 2026: صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ عشرۂ یکجہتی افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور محبت، اعتماد اور قومی یکجہتی کے اظہار کا مظہر ہے، جسے پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں آزمائش کے لمحات آتے رہتے ہیں، تاہم وہی قومیں تاریخ میں امر ہوتی ہیں جو مشکل وقت میں استقامت، اتحاد اور بہادری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر آزمائش میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی بہادر افواج، بالخصوص پاک فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت بھارت کی فضاؤں پر راج کیا اور دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جو کامیابی حاصل کی، وہ مستقبل میں دنیا کے عسکری نصاب کا حصہ بنے گی۔

چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ “بنیان المرصوص” صرف ایک جنگ نہیں تھی بلکہ یہ دو قومی نظریے، قومی وقار اور دفاعِ وطن کی ایسی تاریخی جدوجہد تھی جس کی کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کا مقام مزید مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک نئی عالمی حیثیت کے ساتھ ابھر رہا ہے اور دنیا کے اہم فیصلوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ بنیان المرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اس عزم کا اعادہ کرے کہ دفاعِ وطن، فتنۂ الہندوستان اور فتنۂ خوارج کے خلاف افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






Related Articles

Leave a Reply

Back to top button