حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کمی کر دی – Daily Qudrat

حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کمی کر دی – Daily Qudrat


لاہور (قدرت روزنامہ) حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کمی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل دونوں کی فی لیٹر قیمت میں 5،5 روپے کمی کر دی گئی۔ یوں پٹرول کی نئی قیمت 409 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 409 روپے 58 پیسے مقرر کر دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہو گا۔
دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کو ریونیو اکٹھا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی اصل وجوہات سامنے آ گئی ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے عوام فی لٹر ایندھن پر بھاری ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا ایک بڑا حصہ ٹیکسوں اور مختلف مارجنز کی صورت میں وصول کر رہی ہے، پٹرول کی اصل قیمت اس کی فروخت کی قیمت سے کہیں کم ہے، اسی طرح ڈیزل پر بھی بھاری ڈیوٹیز عائد ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں شامل ٹیکسز اور دیگر اخراجات نے اسے عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، ٹیکسز کے بغیر پٹرول کی فی لٹر قیمت صرف 216 روپے 68 پیسے بنتی ہے، حکومت فی لٹر پٹرول پر مجموعی طور پر 198 روپے سے زائد کے ٹیکس وصول کر رہی ہے، قیمت میں 29 روپے فی لٹر پریمیم بھی شامل کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اسی طرح ڈیزل جو ٹرانسپورٹ اور زراعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس پر بھی ٹیکسوں کی بھرمار ہے، ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 113 روپے 71 پیسے کے ٹیکس شامل ہیں، ٹیکسوں کے بغیر ڈیزل کی قیمت تقریباً 301 روپے بنتی ہے، ڈیزل پر 42 روپے 60 پیسے پٹرولیم لیوی اور 32 روپے 48 پیسے کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ قیمتوں میں کمپنیوں کے منافع اور دیگر لیویز کا حصہ بھی نمایاں ہے، ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں کمپنیوں کو 7.87 روپے اور منافع کی مد میں 8.64 روپے دیے جا رہے ہیں، مال برداری کے لیے 7.25 روپے فی لٹر وصول کیے جا رہے ہیں، ماحولیاتی تحفظ کے نام پر ڈھائی روپے فی لٹر ‘کلائمیٹ سپورٹ لیوی’ بھی عوام کی جیب سے نکالی جا رہی ہے۔



Leave a Reply