خاتون کی دوسری شادی کی بنیاد پر بچے کی حوالگی دادی یا پھوپھی کو دینےکی درخواست مسترد – Daily Qudrat

خاتون کی دوسری شادی کی بنیاد پر بچے کی حوالگی دادی یا پھوپھی کو دینےکی درخواست مسترد – Daily Qudrat


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت نے خاتون کی دوسری شادی کی بنیاد پر بچے کی حوالگی دادی یا پھوپھی کو دینےکی درخواست مسترد کردی۔
وفاقی آئینی عدالت میں 9 سالہ بچے کی حوالگی کے کیس کی سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ چچا اور پھوپھی بچے کی حوالگی کیوں چاہتے ہیں، کیا حوالگی مانگنے والوں نے پوچھا بچے کی تعلیم کیسی چل رہی ہے؟
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ماں نے دوسری شادی کرلی ہے۔ جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ صرف خاتون کی دوسری شادی کو جواز بنا کر بچے کی حوالگی کیسے کر دیں۔
پھر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ماں نے بچے کو باپ سے ملنے والا حصہ فروخت کر دیا ہے، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ کیا بچے کو اس کے باپ سے ملنے والا حصہ بھی واپس لینا چاہتے ہیں؟
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ماں کے خلاف ایف آئی آر بھی کٹوائی گئی، ماں کےخلاف بغض اور عناد روا رکھا گیا، گارڈین کورٹ سے اجازت لےکر ہی ماں نے حصہ بیچا ہوگا، ویسے بھی ہمارے سامنے کیس صرف حوالگی کا ہے، لگتا ہےبچے کے مفاد کی بجائے پراپرٹی کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
تاہم وفاقی آئینی عدالت نے بچے کی ماں کو حوالگی سے متعلق فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔
وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ بچے کی ماں کو حوالگی سے متعلق تمام عدالتوں نے فیصلہ برقرار رکھا ہے، بچے کی ماں کو حوالگی قانون کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ والد کی وفات کے بعد 9 سالہ بچے کی حوالگی ماں کو دی گئی تھی۔



Leave a Reply