رجنی کانت نے وجے کی سیاسی کامیابی پر خاموشی توڑ دی

رجنی کانت نے وجے کی سیاسی کامیابی پر خاموشی توڑ دی


بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت نے اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے کی تامل ناڈو انتخابات میں کامیابی اور وزیراعلیٰ بننے کے بعد سامنے آنے والی افواہوں پر پہلی بار کھل کر ردعمل دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں رجنی کانت نے کہا کہ انتخابات کے بعد ان پر مسلسل تنقید کی جارہی تھی اور مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ وجے کی سیاسی کامیابی سے ناخوش ہیں، تاہم یہ تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔

رجنی کانت نے کہا کہ اگر وہ ان افواہوں پر خاموش رہتے تو لوگ انہیں سچ سمجھ لیتے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی نتائج کے بعد وہ سابق وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن سے بھی ملے تھے جس پر بھی انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ ان کی دوستی سیاست سے بالاتر ہے۔

اداکار نے واضح کیا کہ وجے کے وزیراعلیٰ بننے پر انہوں نے فوری طور پر انہیں مبارک باد دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ “میں تو سیاست میں بھی نہیں ہوں، پھر مجھے وجے سے حسد کیوں ہوگا؟”

رجنی کانت نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید اگر کمل ہاسن وزیراعلیٰ بن جائیں تو انہیں حسد ہوسکتا ہے کیونکہ ان کے اور وجے کے درمیان تقریباً 25 سال کا فرق ہے، اس لیے دونوں کا مقابلہ مناسب نہیں لگتا۔

ان کے اس دلچسپ تبصرے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور مداحوں نے پریس کانفرنس کی ویڈیوز بڑے پیمانے پر شیئر کرنا شروع کردیں۔

رجنی کانت نے مزید کہا کہ وجے کی سیاسی کامیابی ان کے لیے حیران کن ضرور تھی لیکن وہ ان کی کامیابی پر خوش ہیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔



Leave a Reply