غزہ امدادی مشن پر اسرائیلی دھاوا، پاکستانی کارکن سعد ایدھی کی گرفتاری پر پاکستان کا سخت ردعمل – Daily Ausaf

غزہ امدادی مشن پر اسرائیلی دھاوا، پاکستانی کارکن سعد ایدھی کی گرفتاری پر پاکستان کا سخت ردعمل – Daily Ausaf


اسلام آباد(رضوان عباسی) پاکستان نے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ نامی انسانی امدادی مشن کو اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی بحری حدود میں روکنے اور امدادی کارکنوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اس اقدام کو غیر قانونی اور انسانیت دشمن قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق زیر حراست افراد میں پاکستانی سماجی کارکن سعد ایدھی بھی شامل ہیں، جن کی گرفتاری پر حکومتِ پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انسانی امدادی مشن کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار امدادی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے ساتھ انسانی وقار کے مطابق سلوک یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتی مشنز صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور زیر حراست پاکستانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی امدادی مشنز کے تحفظ اور اسرائیلی اقدامات کے خلاف فوری اور مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
مزید پڑھیں: انمول پنکی کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی تیز، اہم ساتھی سے تفتیش کی اجازت



Leave a Reply