آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو چوہدری اظہر کو عہدے سے برطرف کر دیا۔ اس فیصلے کو آزاد کشمیر میں ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو موصول ہونے والی رپورٹس میں مبینہ طور پر سیگریٹ مافیا کی سرگرمیوں اور بعض سرکاری افسران کے کردار سے متعلق اہم انکشافات شامل تھے۔ انہی رپورٹس کی بنیاد پر معاملے کا اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا گیا، جس کے بعد یہ اہم انتظامی فیصلہ کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ٹیکس چوری، غیر قانونی سگریٹ تجارت اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس کے ساتھ متعلقہ اداروں کو شفاف تحقیقات مکمل کرنے اور ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت ریونیو سسٹم کو مزید مضبوط اور شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیا کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
چوہدری اظہر کی برطرفی کے بعد مزید انتظامی تبدیلیوں اور نئی کارروائیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس فیصلے سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ حکومت غیر قانونی کاروبار، ٹیکس چوری اور بدعنوانی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر رہی ہے۔
