پاکستان میں ایرانی ریال ریٹ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی خرید و فروخت جاری ہے۔ کراچی، کوئٹہ اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایرانی ریال کی مانگ برقرار دیکھی جا رہی ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق 1 کروڑ ایرانی ریال یعنی 10 ملین ریال کی مالیت پاکستانی اوپن مارکیٹ میں تقریباً 8 ہزار سے 10 ہزار روپے کے درمیان دیکھی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شرح عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر 1 پاکستانی روپے کے بدلے تقریباً 4 ہزار 700 سے زائد ایرانی ریال مل رہے ہیں، تاہم پاکستان کی غیر رسمی مارکیٹ میں مقامی طلب کے باعث الگ ریٹ دیکھا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس وقت:
1 پاکستانی روپے میں تقریباً 1000 ایرانی ریال
10 پاکستانی روپے میں تقریباً 10 ہزار ایرانی ریال
1000 پاکستانی روپے میں تقریباً 10 لاکھ ایرانی ریال
خریدے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایرانی ریال ریٹ میں دلچسپی کی دو بڑی وجوہات سامنے آ رہی ہیں۔ پہلی وجہ ممکنہ سرمایہ کاری اور مستقبل میں ریال کی قدر بڑھنے کی توقع ہے، جبکہ دوسری وجہ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی تجارت میں ایرانی کرنسی کی ضرورت بتائی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق عالمی سیاسی صورتحال اور امریکا ایران تعلقات میں کسی بھی پیش رفت کا اثر ایرانی ریال کی قیمت پر پڑ سکتا ہے۔ اسی لیے بعض سرمایہ کار اس کرنسی کو مختصر مدت کے منافع کیلئے خرید رہے ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر مستند ڈیلرز سے لین دین سے گریز کریں اور صرف لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنیوں سے ہی کرنسی کی خرید و فروخت کریں کیونکہ مارکیٹ میں جعلی نوٹ اور اچانک قیمتوں میں تبدیلی کا خدشہ موجود رہتا ہے۔
