حکومت نے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے بڑی سہولت متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ نئے نظام کے تحت بجلی صارفین سبسڈی کی تفصیلات اب بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے دیکھی جا سکیں گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، جبکہ اس عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے تصدیقی نظام بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صارفین اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے سبسڈی سے متعلق مکمل معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اس عمل کے دوران صارفین کو ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیق کرنا ہوگی، جس کے بعد انہیں اپنی رعایت کی تفصیلات دکھائی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بجلی صارفین سبسڈی صرف مستحق افراد تک محدود کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور دیگر فلاحی اسکیموں سے وابستہ افراد کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔
مجوزہ نظام کے مطابق اہل صارفین کو رعایتی نرخوں کے ساتھ بجلی کے بل جاری کیے جائیں گے، جبکہ نااہل قرار دیے جانے والے صارفین کو بغیر سبسڈی بل موصول ہوسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد توانائی کے شعبے میں شفافیت بڑھانا اور حکومتی سبسڈی صرف حقیقی مستحقین تک پہنچانا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی پالیسی اور سرکاری اعلان کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
