انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ عبد الکریم نے پولیس ملازمین کے خصوصی اور بیمار بچوں کیلئے امدادی اقدامات مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب پولیس خصوصی ریلیف پروگرام کے تحت مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق رواں سال محکمہ پولیس کی جانب سے مجموعی طور پر 889 ملین روپے سے زائد کے ویلفیئر فنڈز جاری کیے گئے۔ ان فنڈز کا مقصد پولیس ملازمین کے بچوں کی علاج معالجے اور خصوصی نگہداشت میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دماغی بیماری سیریبرل پالسی میں مبتلا 721 بچوں کو ماہانہ 20 ہزار روپے وظیفہ دیا گیا، جبکہ اس مد میں مجموعی ادائیگیاں 642 ملین روپے سے تجاوز کر گئیں۔ اسی طرح تھیلیسیمیا کے شکار 171 بچوں کو ماہانہ 30 ہزار روپے دیے گئے اور ان کیلئے 153 ملین روپے سے زائد جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا 38 بچوں کے علاج کیلئے 62 ملین روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سے گزرنے والے 6 بچوں کیلئے 10.6 ملین روپے جبکہ دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا 5 بچوں کیلئے 11.9 ملین روپے مختص کیے گئے۔
پنجاب پولیس خصوصی ریلیف پروگرام کے تحت سماعت سے محروم 13 بچوں کیلئے بھی علاج اور تھراپی کی مد میں 8 لاکھ 72 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی فلاح کیلئے اقدامات مسلسل جاری رہیں گے اور مختلف اسپتالوں کے تعاون سے جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
