ایتھوپیا (Ethopia)میں ایک خاتون کے ہاں 12 سال کے طویل انتظار کے بعد بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جس کے بعد خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی ایتھوپیا کے ہارری ریجن سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون نے ایک ساتھ 4 بیٹوں اور ایک بیٹی کو جنم دیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام نومولود بچے صحت مند ہیں جبکہ ماں کی حالت بھی تسلی بخش ہے۔
خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں کیونکہ شادی کے 12 برس بعد انہیں ایک ساتھ پانچ بچوں کی نعمت ملی ہے۔ ان کے مطابق یہ لمحہ ان کی زندگی کا سب سے یادگار دن ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق ایک ساتھ پانچ بچوں کی پیدائش ایک نہایت نایاب اور پیچیدہ طبی واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز میں ماں اور بچوں دونوں کی خصوصی طبی نگرانی کی جاتی ہے کیونکہ حمل کے دوران مختلف پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
حکومت نے پیٹرول 14.92 روپے اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا
طبی ماہرین نے بتایا کہ کامیاب ڈیلیوری جدید طبی سہولیات اور بروقت دیکھ بھال کی بدولت ممکن ہوئی۔ اسپتال عملے نے بھی اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ساتھ پانچ صحت مند بچوں کی پیدائش انتہائی کم دیکھنے میں آتی ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس خاندان کے لیے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی صارفین نے اسے “قدرت کا معجزہ” قرار دیا ہے۔
