(اوصاف نیوز)بلوچستان میں ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر واقعات میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے۔ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے مطابق چاغی کے صدر مقام دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر ایک کار اور بوزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دالبندین کی جانب سے آنے والی کار کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والے بوزر سے ٹکرا گئی، کار میں سوار تمام افراد افغان شہری تھے جو غیر قانونی طور پر سفر کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق خانوزئی کے علاقے تحصیل نانا صاحب کے قریب کلی میاں شاخ کے مقام پر لوڈر رکشہ کے گہری کھائی میں گرنے سے سپن ٹکی نانا صاحب کے رہائشی 5 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر گڈانی کے سمندر میں نہاتے ہوئے 24سالہ حماد اور 17سالہ محسن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، حب کے علاقے حسن پیر کے قریب فائرنگ سے محمد گل نامی شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ گڈانی اسٹاپ کے قریب سے پولیس نے ایک خاتون کی لاش برآمد کرکے شناخت کیلئے اسپتال منتقل کردی۔
پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں نامعلوم مسلح افراد نے بوائز ہائی اسکول کی لائبریری میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد حق نواز جمالدینی اور محمد اکرم جمالدینی جان بحق ہوگئے۔
اس کے علاوہ ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ کے گاؤں وضوع لعلو گجر میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا۔
مزید پڑھیں:تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں کب ہوں گی؟ تاریخ سامنے آگئی
