
واشنگٹن (اوصاف نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے ساتھ سفارتی روابط کی ذمہ داری اب اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے کو منتقل کی جائے گی۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سفارتی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ پشاور میں امریکی موجودگی میں تبدیلی آ رہی ہے، تاہم پاکستان میں امریکی انتظامیہ کی پالیسی ترجیحات بدستور برقرار رہیں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ بامعنی روابط جاری رکھے جائیں گے، جن کا مقصد اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا، علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانا اور امریکی مفادات کو آگے بڑھانا ہے۔
محکمہ خارجہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں امریکی مشن، اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود اپنے سفارتی دفاتر کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں:وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں نمایاں اضافے کی تجویز




