پاکستان اور بنگلہ دیش کا منشیات سمگلنگ کے خلاف معاہدہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کا منشیات سمگلنگ کے خلاف معاہدہ


پاکستان کی وزارت داخلہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات سمگلنگ کے خلاف اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

یہ بیان پاکستانی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکہ میں اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب صلاح الدین احمد سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں دونوں وزرا نے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزارت کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے حکام نے انٹیلی جنس کے تبادلے اور انسدادِ منشیات ایجنسیوں کے درمیان مزید تعاون کا عہد کیا۔

پاکستانی وزارتِ داخلہ نے بیان میں کہا کہ: ’دونوں ممالک منشیات کی ترسیل اور سمگلنگ کو روکنے کے لیے مکمل طور پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’منشیات کی غیر قانونی فروخت اور سپلائی لائنز کو توڑنے کے لیے ایک مشترکہ حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق دونوں حکام نے فیصلہ کیا کہ دونوں وزارتِ داخلہ کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے اور دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیاں منشیات کے سمگلروں اور نیٹ ورکس کے بارے میں بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گی۔

پاکستانی وزارتِ داخلہ کے مطابق محسن نقوی اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب نے دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کی اور داخلی سلامتی اور سول آرمڈ فورسز کی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزارت نے مزید بتایا کہ دونوں وزرا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔





Leave a Reply