
پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے اہم قانونی ریلیف مل گیا، جہاں عدالت نے ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے فوری طور پر نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چھ صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں برقرار رکھنا غیر قانونی، غیر ضروری اور ان کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔
سماعت کے دوران رجب بٹ کی جانب سے بیرسٹر زاہد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی کارروائی میں بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پر رجب بٹ کا نام پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔
تاہم ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ این سی سی آئی اے حکام کو رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ہٹانے پر کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ چونکہ رجب بٹ متعلقہ ادارے کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، اس لیے ان کا نام فہرست میں برقرار رکھنے کا مزید کوئی قانونی جواز موجود نہیں۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے حذف کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔


