ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان کا دو مرتبہ پرواک مستوج کا دورہ، اسماعیلی کمیونٹی کے بڑے اجتماعات سے خطاب
۔
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی برادری کی روحانی پیشوا ہز ہائی نس پرنس رحیم الحسینی آغا خان نے اپر چترال کے گاؤں پرواک مستوج کا دو روز میں دو مرتبہ دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال اسماعیلی ریجنل کونسل اپر چترال کے صدر امتیاز عالم، ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور دیگر مقامی عمائدین نے کیا۔
ہز ہائی نس پرنس رحیم آغا خان گزشتہ سال فروری میں منصبِ امامت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر چترال پہنچے ہیں، جسے اسماعیلی برادری کے لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے ہزاروں اسماعیلی مرد و خواتین پرواک میں قائم دیدار گاہ میں جمع ہوئے، جہاں کئی ہفتوں سے رضاکار دیدار کی تیاریوں میں مصروف رہے۔
دیدار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہز ہائی نس پرنس رحیم الحسینی آغا خان نے اپنے پیروکاروں پر زور دیا کہ وہ اتحاد، خدمتِ خلق، جدید اور معیاری تعلیم، صحت مند طرزِ زندگی اور ماحول کے تحفظ کا خیال رکھیں۔
اس موقع پر رضاکاروں اور جماعتی اراکین کی جانب سے ایک خصوصی آرٹ انسٹالیشن بھی پیش کی گئی، جو “Read, Move and Plant” کے تصور کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سلسلے میں جماعتی افراد نے دریائی پتھروں اور کنکریوں پر اپنے ذاتی عہد تحریر کیے تھے کہ وہ اپنے گاؤں، جماعت اور معاشرے کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔ ان پتھروں کو تین علامتی تنصیبات کی شکل دی گئی، جن میں سے ایک پرواک میں ہز ہائی نس کو پیش کی گئی۔
تقریب کے دوران انتہائی روح پرور اور پُرجوش مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ شرکاء نے اپنے روحانی پیشوا کے دیدار پر خوشی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ہز ہائی نس پرنس رحیم آغا خان پرواک سے گلگت بلتستان روانہ ہوگئے، جبکہ پیر کے روز وہ لوئر چترال کے گرم چشمہ میں قائم دیدار گاہ میں اپنے پیروکاروں سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔







Photos Courtesy : The Ismaili
